دمشق،9جنوری(آئی این ایس انڈیا)شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دارالحکومت دمشق کے باہر سرکاری کنٹرول والے علاقیمیں کار بم دھماکہ ہوا جس میں کم از کم پانچ افراد ہلاک، جب کہ 15زخمی ہوئے۔یہ واقعہ ساسا کے قریب پیش آیا، جو دارالحکومت کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔القاعدہ سے منسلک، فتح الشام محاذ نے حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب ملک بھر میں نازک جنگ بندی جاری ہے، جسے گذشتہ دسمبر میں حکومتِ شام کے اتحادی روس اور ترکی کی ثالثی میں طے کیا گیا تھا۔ سمجھوتے میں داعش اور القاعدہ سے منسلک 'فتح الشام' کا جہادی گروپ شامل میں، جسے اس سے پیشتر النصرہ محاذ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ہفتے کو شمالی شام کے باغیوں کے زیر قبضہ سرحدی قصبے کے مرکز میں ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس میں 40سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں متعدد شہری آبادی سے تعلق رکھتے تھے، جو کئی ماہ سے جاری تنازع کے نتیجے میں بے دخل ہوئے تھے۔ دھماکے کے باعث حلب کے قریبی شہر کا بڑا علاقہ تباہ ہوا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ دھماکہ کسی ٹینکر یا ٹرک میں نصب بم پھٹنے سے ہوا، جسے اعزاز کے قصبے میں، کمرہ عدالت اور سکیورٹی کے دفاتر کے سامنے دھماکے سے اڑایا گیا، جہاں حزب مخالف کے لڑاکے مقیم ہیں، جو اسد حکومت کو گرانے کی کوششوں میں پیش پیش ہیں۔ ایک قریبی مارکیٹ بھی کھنڈر کا نقشہ پیش کر رہا ہے۔فوری طور پر کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔